السلام عليكم و رحمۃ اللہ و برکاتہ
حضرت مفتی صاحب قبلہ کیا قبرستان میں ٹریکٹر یا دوسرے آلات کے ذریعے سے مٹی وغیرہ برابر کرا سکتے ہیں ؟ قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں ۔ فقط والسلام
سائل : محمد شمس تبریز صدیقی خلیل آباد ضلع سنت نگر یوپی انڈیا
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وعلیکم السلام و رحمۃ اللّٰہ و برکاتہ
جواب قبرستان میں ٹریکٹر وغیرہ کو داخل کرکے مٹی برابر کرانا ناجائز و گناہ ہے کیونکہ اس سے مردوں کو سخت تکلیف ہوگی ، قبرستان میں تو چلنا حرام ہے اور ٹریکٹر کو اس کے اندر دوڑانا اور زیادہ حرام ہے ہاں کدال وغیرہ سے برابر کرنے کی گنجائش ہے مگر احتیاط کے ساتھ کہ قبر پر چلنا یا قدم رکھنا نہ پڑے امام اہلسنت سیدی اعلی حضرت امام احمد رضا خان بریلوی قدس سرہ تحریر فرماتے ہیں کہ ” قبروں پر چلنے کی ممانعت ہے نہ کہ جوتا پہننا کہ سخت توہین اموات مسلمین ہے ” اھ ( فتاوی رضویہ قدیم ج 4 ص 107 : رضا اکیڈمی ممبئی ) اور فتاوی رضویہ جدید میں ہے کہ ” قبور مسلمین پر چلنا جائز نہیں ، بیٹھنا جائز نہیں ، ان پر پاؤں رکھنا جائز نہیں ، یہاں تک کہ ائمہ نے تصریح فرمائی ہے کہ قبرستان میں جو نیا راستہ پیدا ہو اس میں چلنا حرام ہے اور جن کے اقربا ایسی جگہ دفن ہوں کہ ان کے گرد اور قبریں ہوگئیں اور اسے ان قبور تک اور قبروں پر پاؤں رکھے بغیر جانا ممکن نہ ہو دور ہی سے فاتحہ پڑھے اور پاس نہ جائے ” اھ ( فتاوی رضویہ جدید ج 9 ص 481 : رضا فاؤنڈیشن لاہور ) اور حضور صدر الشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ ” قبر پر بیٹھنا، سونا، چلنا، پاخانہ، پیشاب کرنا حرام ہے ۔ پھر چند سطروں کے بعد فرماتے ہیں کہ ” اپنے کسی رشتہ دار کی قبر تک جانا چاہتا ہے مگر قبروں پر گزرنا پڑے گا تو وہاں تک جانا منع ہے، دور ہی سے فاتحہ پڑھ دے ” اھ ( بہار شریعت ج 1 ص 847 : قبر و دفن کا بیان ) اور فتاوی عالمگیری میں ہے کہ ” يكره ان يبنى على القبر او يقعدة او ينام عليه او يوطا عليه او يقضى حاجة الانسان من بول او غائط ” اھ ( فتاوی عالمگیری ج 1 ص 166 : کتاب الصلاۃ ، الباب الحادی والعشرون في الجنائز، الفصل السادس ) اور در مختار میں ہے کہ ” إذا لم يصل الى قبره الا بوطا قبر تركه ” اھ اور رد المحتار میں ہے کہ ” ان ابا حنيفة كره وطا القبر و القعود او النوم او قضاء الحاجة عليه ” اھ ( در مختار مع رد المحتار ج 2 ص 245 : کتاب الصلاۃ ، باب صلاۃ الجنازۃ )
مذکورہ تصریحات سے معلوم ہوا کہ قبر پر چلنا ، بیٹھنا اور پاؤں رکھنا وغیرہ سخت منع اور حرام ہے تو اس میں ٹریکٹر وغیرہ سے مٹی برابر بدرجہ اتم حرام ہوگا ہاں کدال وغیرہ سے برابر کرسکتے ہیں لیکن بہت ہی احتیاط کے ساتھ کہ کسی قبر پر پاؤں وغیرہ نہ پڑے ۔

واللہ اعلم بالصواب
مولانا آزاد حسین غزالی
7678092082

Leave a comment